محسن کائنات ﷺکانفرنس
پریس کلب آف پاکستان یوکے کے زیراہتمام مانچسٹر میں محسن کائنات ﷺکانفرنس کا اہتمام کیا گیا ۔ پریس کلب نے حسب روایت ربیع الاول کے سلسلے میں اپنا منفرد پروگرام ترتیب دیا ۔ جس میں مختلف مسالک کے علمائے کرام کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے یہ پیغام دیا گیا کہ اطاعت رسول ﷺ کے معاملے میں تمام مسالک متحدو متفق ہیں ۔ اس پروگرام میں بریلوی عالم شاہ جہاں مدنی ، یوکے اسلامک مشن سے مولانا محمد اقبال اور معروف شیعہ عالم ڈاکٹر غلام حسین عدیل کو خصوصی خطاب کے لئے دعوت دی گئی تھی۔
استقبالیہ دیتے ہوئے صدر پر یس کلب سید مظہر بخاری کا کہنا تھا کہ اس جدید دور میں ضروری ہے کہ علمائے کرام ہمیں فروعی مسائل بتانے کی بجائے سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں جدید دور کے چیلنجز اور مسائل کا حل بتائیں ۔ چئیرمین اعجاز افضل شیخ کا کہنا تھا کہ اگرہم دنیا کو خطبہ حجتۃ الوداع کا فلسفہ ہی سمجھا دیں تو دنیا کو علم ہو کہ حضور ﷺ کی تعلیمات کتنی آفاقی ہیں ۔ چیف کوارڈینیٹر محمود اصغر چودھری کا کہنا تھا اس وقت برطانیہ میں موجود ہمارے بچوں کو یہ تعلیم دینے کی ضرورت ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات حالیہ دور میں بھی دنیا کو درپیش تمام مسائل کا حل بتاتی ہیں
محسن کائنات کانفرنس میں پاکستان سے تشریف لائے قوال قاری وحید چشتی ، عمران قادری ، سید کاشف سجاد،اورصابر رضا نے ہدیہ نعت پیش کیا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شاہ جہاں مدنی کا کہنا تھا کہ یہ زمانہ حضور نبی کریم ﷺ کا زمانہ ہے اور آپ ساری کائنات کے لئے رحمت ہیں ۔ مولانا محمد اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اقوام عالم کے سامنے حضور ﷺ کاحقیقی تعارف اسی وقت پیش کر سکتے ہیں جب ہم خود اپنے کردار و اخلاق میں ان کی تعلیمات کا عملی نمونہ پیش کریں ۔ علامہ غلام حسین عدیل کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو آپسی تفرقے سے نکل کر امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی ضرورت ہے
پریس کلب آف پاکستان یوکے کے زیر اہتمام اس پروگرام میں صدر ایم کیو ایم برطانیہ الطاف شاہد سدھو ، صدر گرینڈ اوورسیز کلب چودھری رضوان نصیر مرالہ، راہنما پیپلز پارٹی بشیررٹوی ، سید زاہد حسن بخاری ، صدر مسلم لیگ ن منارٹی ونگ چودھری اظہر اوری ، صدر اوپن کچن عامر خان ، ہمایوں صاحبزادہ ، رضیہ چودھری ، ناصر محمود ، ڈاکٹر عبدالحفیظ ، چودھری عارف پندھیر، چودھری راسب خان ، عالیہ صغیر، فائقہ گُل ، سحر علی ، فرحت عباس ، قیصر بخاری ، سید خالد عباس شاہ ، نصر اقبال ، عدیل چودھری ، عائشہ مبشر ، چودھری انور یعقوب اور ڈاکٹر داؤد قاضی کے علاوہ مانچسٹر بھر سے محبان رسول کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔